نئی دہلی، 25/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ووٹ اور لڑکیوں کو لے کر دئیے گئے بیان پر شرد یادو نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی غلط بیان نہیں دیا ہے، ووٹ اور بیٹی کے تئیں محبت اور عزت ایک جیسی ہو نی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جیسی بیٹی سے محبت کرتے ہیں ویسے ہی ووٹ سے بھی محبت کیجئے، تبھی ملک اور حکومت بہترین بنے گی۔شرد یادو کے بیان پر قومی خواتین کمیشن نے انہیں نوٹس بھیج کر جواب مانگا ہے۔واضح رہے کہ منگل کو ایک پروگرام میں انہوں نے کہا تھا کہ ووٹ کی قیمت بیٹی کی عزت سے بڑھ کر ہے۔شرد یادو انتخابی سیاست کے گرتے معیار اور پیسے -ووٹ کے اتحاد پر تشویش کااظہار کر رہے تھے۔اسی دوران انہوں نے یہ متنازعہ بیان دیا۔شردیادو نے کہا کہ پیسے کی بدولت آج کل ووٹوں کی خریدوفروخت ہو تی ہے۔شرد یادو نے کہا تھا کہ بیلٹ پیپر کے بارے میں لوگوں کو سمجھانے کی ضرورت ہے۔بیٹی کی عزت سے ووٹ کی عزت بڑی ہے، بیٹی کی عزت جائے گی تو گاؤں اور محلے کی عزت جائے گی، لیکن اگر ووٹ بک گیا تو ملک کی عزت چلی جائے گی۔